بھارت میں علاج کے بڑھتے ہوئے اخراجات پر قابو پانے کے لیے پارلیمانی کمیٹی نے حکومت کو متعدد اقدامات کی سفارش کی ہے، جن میں نجی ہسپتالوں کے کمروں کے نرخ محدود کرنا اور شعبۂ صحت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی پالیسی کا جائزہ لینا شامل ہے۔
رائٹرز کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں نجی ہسپتالوں کے طبی اخراجات میں سالانہ اضافہ 13 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جبکہ مریضوں کو علاج کے اخراجات کا بڑا حصہ اپنی جیب سے ادا کرنا پڑتا ہے۔
کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ نجی ہسپتالوں کے کمروں کے نرخ تھری اسٹار ہوٹلوں کی مساوی سطح تک محدود کیے جائیں۔ اس کے علاوہ شعبۂ صحت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا بھی ازسرِنو جائزہ لیا جائے تاکہ چھوٹے طبی اداروں کو بڑی کمپنیوں کی جانب سے تحفظ فراہم کیا جاسکے۔
تاہم رائٹرز بریکنگ ویوز کے تجزیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری محدود کرنے سے بھارت میں ہسپتالوں اور طبی سہولیات کی پہلے سے موجود کمی مزید بڑھ سکتی ہے۔