بنگلہ دیش میں پہلی روبوٹک سرجری، دو مریضوں کے کامیاب آپریشن

بنگلہ دیش میں جدید طبی ٹیکنالوجی کے استعمال میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ڈھاکا کے یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر میں ملک کی پہلی روبوٹک سرجریز کامیابی سے انجام دی گئی ہیں۔ بنگلہ دیش کے سرکاری خبر رساں ادارے بی ایس ایس کے مطابق ایک ہی روز دو مریضوں کے آپریشن جدید روبوٹک نظام کی مدد سے کیے گئے۔

پہلے آپریشن میں پتھری کے مریض کا پِتّہ روبوٹک ٹیکنالوجی کی مدد سے نکالا گیا، جبکہ دوسرے آپریشن میں زیادہ خون بہنے کی شکایت میں مبتلا 45 سالہ خاتون کا آپریشن کیا گیا۔ ان سرجریز کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر رفیق صالحین اور پروفیسر ڈاکٹر شمساد جہاں شیلی نے کی۔

ڈاکٹروں کے مطابق اس طریقۂ علاج میں جسم کے اندرونی حصوں کو سہ جہتی انداز میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ روبوٹک بازو 360 درجے تک حرکت کرسکتے ہیں۔ اس سے جسم کے مشکل اور تنگ حصوں میں بھی زیادہ درستگی کے ساتھ آپریشن کرنا ممکن ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ روبوٹک سرجری سے زخم نسبتاً چھوٹا رہتا ہے، خون کم بہتا ہے، اردگرد کے بافتوں کو نقصان کا خطرہ کم ہوتا ہے اور مریض کی صحت یابی بھی تیز ہوسکتی ہے۔ یونائیٹڈ ہیلتھ کیئر کا منصوبہ ہے کہ مستقبل میں دل، دماغ، گردوں اور پیشاب کے نظام، خواتین کے امراض اور سینے سے متعلق آپریشنز میں بھی اس ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے۔

ڈاکٹروں کے مطابق طویل مدتی مقصد بنگلہ دیش میں ہی جدید علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ ایسے مریضوں کو علاج کے لیے بیرون ملک نہ جانا پڑے۔ بنگلہ دیشی اخبار دی ڈیلی اسٹار کے مطابق متعلقہ سرکاری ادارے نے بھی ان آپریشنز کو ملک کی پہلی باقاعدہ روبوٹک سرجریز قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں