شہباز شریف اہم SCO اجلاس کے لیے کرغزستان روانہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف آج 31 اگست سے 2 ستمبر تک کرغزستان کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو رہے ہیں، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہانِ مملکت کی کونسل کے اجلاس اور SCO پلس سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ یہ دورہ کرغزستان کے صدر صدیر جپاروف کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی کرغزستان جائیں گے۔

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والے SCO اجلاس کے دوران خطے میں امن و استحکام، اقتصادی تعاون، تجارت، علاقائی روابط اور مشترکہ ترقی سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔

اس اجلاس کی پاکستان کے لیے خاص اہمیت ہے کیونکہ پاکستان 2026-27 کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کی کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی چیئرمین شپ سنبھالے گا۔ پاکستان کی چیئرمین شپ کے دوران 2027 میں SCO سربراہانِ مملکت کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف SCO اجلاس کے موقع پر شریک ممالک کے مختلف رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کے دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون بڑھانے کے امکانات پر بات چیت متوقع ہے۔

وزیراعظم 31 اگست کو کرغزستان میں ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جبکہ 2 ستمبر کو ان کی کرغز صدر صدیر جپاروف کے ساتھ باضابطہ دوطرفہ ملاقات ہوگی۔

دونوں رہنما پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیں گے، جبکہ تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی رابطوں، تعلیم، سیاحت اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے پر بھی گفتگو کی جائے گی۔ علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت مختلف بین الاقوامی فورمز پر دونوں ممالک کے تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی بنیادوں پر قریبی تعلقات موجود ہیں اور وزیراعظم کا یہ دورہ حالیہ اعلیٰ سطحی روابط کو مزید آگے بڑھانے اور سیاسی تعلقات کو عملی اقتصادی اور علاقائی تعاون میں تبدیل کرنے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں