بنگلہ دیش میں ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ، زیرِ علاج افراد کی تعداد 2 ہزار 268 ہوگئی

بنگلہ دیش میں ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 342 مریض ہسپتالوں میں داخل ہوئے۔ اس اضافے کے بعد ملک بھر کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے زیرِ علاج مریضوں کی تعداد 2 ہزار 268 تک پہنچ گئی ہے۔

بنگلہ دیش کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی سے کوئی نئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی، تاہم رواں سال اب تک اس بیماری کے باعث 88 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ صرف اگست کے دوران 34 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ڈھاکا نارتھ سٹی کارپوریشن کے ہسپتالوں میں 72 اور ڈھاکا ساؤتھ میں 43 نئے مریض داخل ہوئے۔ دیگر علاقوں میں چٹاگانگ میں 93، باریسال میں 63، میمن سنگھ میں 48 جبکہ رنگ پور میں 23 مریض ہسپتال پہنچے۔

اسی 24 گھنٹوں کے دوران صحت یاب ہونے کے بعد 345 مریضوں کو ہسپتالوں سے فارغ بھی کیا گیا۔ حکام کے مطابق رواں سال یکم جنوری سے اب تک مجموعی طور پر 32 ہزار 590 افراد ڈینگی کے باعث ہسپتالوں میں داخل ہو چکے ہیں، جن میں سے 30 ہزار 422 صحت یاب ہوئے ہیں۔

بنگلہ دیش کا محکمہ صحت سال 2000 سے ڈینگی کے کیسز کا باقاعدہ ریکارڈ رکھ رہا ہے۔ ملک میں ڈینگی کے حوالے سے 2023 بدترین سال ثابت ہوا تھا، جب 3 لاکھ 21 ہزار 179 مریض ہسپتالوں میں داخل ہوئے اور ریکارڈ 1 ہزار 705 افراد جان سے گئے۔

گزشتہ سال بھی بنگلہ دیش میں ڈینگی کی صورتحال تشویشناک رہی، جب تقریباً ایک لاکھ 2 ہزار کیسز سامنے آئے اور 400 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ رواں سال کیسز اور اموات میں جاری اضافے کے باعث ڈینگی ایک مرتبہ پھر صحت عامہ کے اہم مسائل میں شامل ہو گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں