23 اور 24 اگست کو دورے کے دوران دارالحکومت تاشقند میں دونوں ممالک کے سربراہان کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی مذاکرات اور اعلیٰ بین الحکومتی کونسل کے تیسرے اجلاس کا انعقاد ہوگا۔
مذاکرات میں ازبکستان اور آذربائیجان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری اور اتحادی تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ، کاروباری اور علاقائی تعاون کو وسعت دینے، ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ کے شعبے میں موجود مواقع سے مؤثر استفادے، جبکہ ثقافتی اور انسانی بنیادوں پر روابط کو مزید فعال بنانے کے امور بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔
ازبک اور آذری قیادت عالمی اور علاقائی صورتحال کے اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کرے گی، جبکہ کثیرالجہتی پلیٹ فارمز پر باہمی تعاون کے فروغ کا جائزہ لیا جائے گا۔
مذاکرات کے اختتام پر مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے متعدد اہم معاہدوں اور دستاویزات پر دستخط متوقع ہیں، جبکہ کئی اقتصادی اور انسانی فلاحی منصوبوں کا بھی آغاز کیا جائے گا۔
دوسری جانب دونوں ممالک کے خطوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے ازبکستان اور آذربائیجان کے ریجنز فورم سمیت مختلف مشترکہ تقریبات بھی اس وقت ازبکستان میں جاری ہیں۔