پاکستان اور امریکا کا دہشت گرد گروہوں کے خلاف دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور امریکہ کے درمیان انسدادِ دہشت گردی مذاکرات کا چوتھا دور منگل کے روز واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہوا۔

مذاکرات کی قیادت امریکہ کی جانب سے انسدادِ دہشت گردی کے رابطہ کار سفیر گریگوری لو گرفو اور پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے اسپیشل سیکریٹری سفیر نبیل منیر نے کی۔

مشترکہ بیان کے مطابق مذاکرات میں پاکستان اور امریکہ کی انسدادِ دہشت گردی شراکت داری سے متعلق مشترکہ مفادات اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے عزم پر زور دیا گیا۔

بیان کے مطابق دونوں ممالک کے وفود نے موجودہ سکیورٹی خطرات پر تبادلہ خیال کیا، تعاون بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا اور سرحدی سکیورٹی مضبوط بنانے اور دہشت گردوں کے سہولت کاری نیٹ ورکس کو توڑنے کے اقدامات پر بات چیت کی۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ نے داعش خراسان، القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس سے منسلک گروہوں سمیت ان تنظیموں کے خلاف مشترکہ کارروائی کے عزم کا اعادہ کیا جو دونوں ممالک کے شہریوں کی سلامتی اور خطے کے استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

بیان کے مطابق دونوں حکومتوں نے اپنے ممالک کو محفوظ رکھنے اور خطے میں دیرپا امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے انسدادِ دہشت گردی تعاون جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں