بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ سات سال قبل آج کے دن آرٹیکل 370 اور 35-اے تاریخ کا حصہ بن گئے تھے، جس سے جموں و کشمیر اور لداخ کے سفر میں ایک نئے اور فیصلہ کن باب کا آغاز ہوا۔
ایکس پر اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے بعد جموں و کشمیر اور لداخ کے عوام کی زندگیوں میں وسیع تبدیلیاں آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے میں توسیع ہوئی جبکہ تعلیم، صحت، کاروبار اور کھیلوں کے شعبوں میں بھی مواقع بڑھے۔
نریندر مودی کے مطابق خواتین اور پسماندہ طبقات سمیت جن لوگوں کو کئی دہائیوں تک بنیادی آئینی حقوق حاصل نہیں تھے، انہیں بھارتی آئین کے مکمل نفاذ کے بعد بااختیار بنایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ رواں سال پانچ اگست کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کیونکہ بھارت ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی 125ویں سالگرہ منا رہا ہے۔
بیان کے مطابق قومی یکجہتی کے لیے شیاما پرساد مکھرجی کی جدوجہد آج بھی نسلوں کے لیے باعثِ تحریک ہے اور ان کا کئی دہائیوں پرانا تصور پانچ اگست 2019 کو عملی شکل اختیار کر گیا۔
نریندر مودی نے جموں و کشمیر اور لداخ کی ترقی کے لیے بھارتی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کو بڑے خواب دیکھنے، انہیں پورا کرنے اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔