ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف نے بھارتی پارلیمان کے ایوان زیریں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کی ہے۔
ازبک وزیر خارجہ وفد کے ہمراہ انڈیا کے دورے پر موجود ہیں۔
بختیار سعیدوف نے ایکس پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ملاقات میں ازبکستان اور انڈیا کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں پارلیمانی سفارت کاری کے اہم کردار پر زور دیا گیا۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بین الپارلیمانی مذاکرات کو مزید گہرا کرنے، پارلیمانی دوستی گروپس کی سرگرمیاں بڑھانے اور قانون سازی کے شعبے میں تجربات کے تبادلے کو فروغ دینے کے طریقوں پر بات چیت کی۔
بیان کے مطابق اس موقع پر اوم برلا نے گزشتہ سال اپنے دورہ ازبکستان کو یاد کیا اور پرتپاک استقبال اور روایتی مہمان نوازی پر ایک بار پھر شکریہ ادا کیا۔