نئی دہلی میں انڈیا-ازبکستان بزنس فورم کا انعقاد، سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون بڑھانے پر بات چیت

انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں ازبک وزیرخارجہ بختیار سعیدوف کی قیادت میں وفد کی آمد کے موقع پر انڈیا-ازبکستان بزنس فورم کا انعقعاد کیا گیا۔

ازبک وزیر خارجہ بختیار سعیدوف نے ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ فورم کے موقع پر دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان عملی تعاون بڑھانے کے امکانات پر مثبت بات چیت ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ فورم میں توانائی، بنیادی ڈھانچے، ادویات سازی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، فوڈ پروسیسنگ، ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس، صحت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بختیار سعیدوف کے مطابق فورم میں نایارا انرجی، این ٹی پی سی، اولیکٹرا گرین ٹیک، پیناسیا بائیوٹیک، ملتانی فارماسیوٹیکلز اور زپا ورلڈ انوویشن سمیت انڈیا کی بڑی کمپنیوں کے نمائندوں کی شرکت کاروباری روابط مضبوط بنانے، نئے سرمایہ کاری منصوبوں کو آگے بڑھانے اور باہمی فائدے پر مبنی شراکت داری کو وسعت دینے کے لیے انتہائی اہم ہے۔

اس فورم کا مشترکہ انعقاد ازبکستان کی وزارت سرمایہ کاری، صنعت و تجارت، انڈیا کی وزارت تجارت و صنعت، فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری، انویسٹ انڈیا اور نئی دہلی میں ازبکستان کے سفارت خانے نے کیا۔

بختیار سعیدوف نے اپنے بیان میں فورم کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں