امریکا میں جنگلاتی آگ سے 700 سے زائد عمارتیں تباہ ہوگئیں، 64 ہزار افراد اںخلا پر مجبور

امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر اسپوکین کے قریب جنگلاتی آگ نے کم از کم 700 عمارتیں تباہ کر دی ہیں، جبکہ تقریباً 64 ہزار افراد کو فوری طور پر گھر چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق تین مختلف مقامات پر لگی آگ نے ہفتے سے اب تک آٹھ ہزار ایکڑ سے زیادہ رقبہ جلا دیا ہے۔ آگ شہر کے مضافاتی علاقوں اور رہائشی آبادیوں تک پہنچ چکی ہے، جبکہ مزید تقریباً 400 عمارتوں کے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

تقریباً 1100 فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم پیر تک تینوں مقامات پر آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تیز ہواؤں، خشک موسم اور شدید گرمی کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

ابھی تک کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی، لیکن کئی افراد لاپتا بتائے گئے ہیں۔ حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آگ کم ہونے اور متاثرہ علاقوں تک رسائی ملنے کے بعد جانی نقصان سامنے آ سکتا ہے۔

ریاست واشنگٹن میں مجموعی طور پر 15 بڑی جنگلاتی آگ بھڑک رہی ہیں اور ڈھائی لاکھ ایکڑ سے زیادہ رقبہ جل چکا ہے۔ اسپوکین کے قریب لگی آگ کو اس وقت امریکا میں فائر فائٹنگ کی سب سے بڑی ترجیح قرار دیا گیا ہے۔

حکام کو امید ہے کہ نسبتاً ٹھنڈے اور کم ہوا والے موسم کے دوران آگ پر قابو پانے میں کچھ پیش رفت ہو سکتی ہے، تاہم ہفتے کے وسط میں دوبارہ شدید گرمی اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں