آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے دوسرے مرحلے میں عوام نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈال کر انتخابی عمل میں حصہ لیا۔
مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ مظفرآباد ڈویژن میں ووٹر ٹرن آؤٹ 53 فیصد جبکہ میرپور ڈویژن میں 46.3 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں انتخابات کا انعقاد ایک بڑا چیلنج تھا، تاہم عوام نے تشدد کے بجائے ووٹ کی طاقت پر اعتماد کیا اور جمہوری عمل میں شرکت کی۔
جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کا کہنا تھا کہ حالات جیسے بھی تھے یا پیدا کیے گئے، اس کے باوجود ووٹر ٹرن آؤٹ کم نہیں رہا، جو حوصلہ افزا بات ہے۔
انہوں نے عوام کی انتخابی عمل میں شرکت کو جمہوری نظام کے لیے مثبت قدم قرار دیا۔