وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور صنعتکاروں کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت ان کے مسائل کے حل اور تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق ملاقات میں مختلف چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں نے اپنے صوبوں کی سکیورٹی صورتحال اور کاروباری مشکلات سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے وفد کو ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور تاجروں و صنعتکاروں کے جائز مسائل حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور پاکستان کی ترقی کاروباری طبقے کی ترقی سے وابستہ ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ وہ جلد پشاور اور کوئٹہ کا دورہ کریں گے، جہاں حکام کی موجودگی میں کاروباری برادری کے ساتھ تفصیلی ملاقاتیں کی جائیں گی تاکہ ان کے مسائل کا مستقل اور عملی حل تلاش کیا جا سکے۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی صورتحال کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ حالیہ عرصے میں دونوں صوبوں میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق محسن نقوی نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں بھی ملک کی امن و امان کی صورتحال، خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔