‘منصوبے پر مشاورت جاری رہے گی’، یوئیفا کی بائیکاٹ دھمکی کے باوجود فیفا کا مجوزہ سرمایہ کاری منصوبہ جاری رکھنے کا اعلان

یورپی فٹبال کی تنظیم یوئیفا نے کے بائیکاٹ کی دھمکی اور دیگر علاقائی تنظیموں کی سخت تنقید کے باوجود عالمی فٹبال تنظیم فیفا نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ اور دیگر مقابلوں میں نجی سرمایہ کاری لانے کے منصوبے پر مشاورت جاری رہے گی۔

سوئٹزرلینڈ میں قائم فیفا نے کہا کہ غلط میڈیا رپورٹس کے باعث اس کا طے شدہ مشاورتی عمل متاثر ہوا، تاہم وہ اس عمل کو آگے بڑھائے گا۔ فیفا نے جمعے کو جاری بیان میں کہا کہ مشاورت کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ہر رکن فٹبال ایسوسی ایشن حقائق کی بنیاد پر اپنا ووٹ دے سکے۔

فیفا ورلڈ کپ اور اپنے دیگر مقابلوں کے انتظام کے لیے 20 ارب ڈالر مالیت کی ایک ذیلی کمپنی قائم کرنا چاہتا ہے، جس کا نام فیفا فارورڈ انٹرپرائز ایف ایف ای ہوگا۔ منصوبے کے تحت اس کمپنی کے 20 فیصد تک حصص بیرونی سرمایہ کاروں کو فروخت کیے جائیں گے۔

فیفا کے مطابق جوشوا کشنر کی قائم کردہ تھرائیو کیپیٹل کے زیر انتظام فنڈ تھرائیو ایٹرنل مجوزہ سرمایہ کار گروپ کی قیادت کر سکتا ہے۔ جوشوا کشنر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر کے بھائی ہیں۔

یوئیفا نے اس منصوبے کی مخالفت کی قیادت کرتے ہوئے فیفا پر فٹبال کی روح کو فروخت کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ جمعرات کو یوئیفا کے تمام 55 رکن ممالک نے متفقہ طور پر تمام فیفا مقابلوں کے بائیکاٹ کے حق میں ووٹ دیا۔ یہ فیصلہ اسپین کے ورلڈ کپ چیمپیئن بننے کے دو ہفتوں سے بھی کم وقت بعد سامنے آیا ہے۔

فیفا نے جواب میں کہا کہ کوئی بھی فٹبال فروخت نہیں کر رہا اور فیفا کبھی بھی ایسی بات پر غور نہیں کرے گا۔ فیفا کے مطابق ہر کسی کو مخالفت اور مزید وضاحت طلب کرنے کا حق حاصل ہے، لیکن کوئی ایک ادارہ دنیا بھر کی تمام 211 رکن ایسوسی ایشنز کی نمائندگی کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔

فیفا نے کہا کہ ہر رکن ایسوسی ایشن کو تجویز کا جائزہ لینے اور اپنے مستقبل کی تشکیل میں رائے دینے کا موقع ملنا چاہیے۔

شمالی، وسطی امریکہ اور کیریبین کی علاقائی تنظیم کونکاکاف نے جمعرات کو ایک اجلاس کے دوران اس تجویز کو مسترد کر دیا۔ تاہم 41 رکن ممالک پر مشتمل کونکاکاف نے یوئیفا کی طرح بائیکاٹ کی دھمکی نہیں دی۔

ایشیائی فٹبال کنفیڈریشن نے بھی اپنے 47 رکن ممالک کو ایک سخت خط جاری کیا اور خبردار کیا کہ تمام چھ علاقائی تنظیموں کی حمایت کے بغیر یہ منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔

فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے رواں ہفتے تمام فٹبال ایسوسی ایشنز کو لکھے گئے خط میں کہا کہ اگر وہ 19 ستمبر تک فیفا کی تجویز سے اتفاق کریں تو ہر ایسوسی ایشن کو 4 کروڑ ڈالر دیے جائیں گے۔ یوئیفا اور کونکاکاف کی مجموعی طور پر 96 رکن ایسوسی ایشنز ہیں، جو فیفا کے 211 ارکان کے تقریباً نصف سے کچھ کم ہیں۔

فیفا نے جمعے کو واضح کیا کہ وہ رکن ایسوسی ایشنز کی اکثریت کی حمایت کے بغیر منصوبے پر عمل نہیں کرے گا۔ فیفا کے مطابق ایف ایف ای منصوبے کی بنیاد غیر معمولی ترقیاتی فنڈنگ، فٹبال کے تجارتی مواقع کی حقیقی عالمی ملکیت اور تمام رکن ایسوسی ایشنز کے لیے جمہوری عمل کے ذریعے مکمل خود اختیاری پر ہے۔

اسپین کے ورلڈ کپ فاتح ژابی الونسو نے جمعے کو کہا کہ فٹبال کو نجی مفادات کے بجائے کھیل دیکھنے والے لوگوں کو ترجیح دینی چاہیے۔

چیلسی کے کوچ نے سڈنی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ ورلڈ کپ بہت اچھا رہا اور اگر چیزیں اسی طرح رہیں تو بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹبال سے وابستہ لوگوں میں عام احساس یہی ہے کہ کھیل کو شائقین اور سب لوگوں کے لیے محفوظ رکھا جائے، نہ کہ دوسرے مفادات کے لیے۔

ژابی الونسو نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ عملی شکل اختیار نہیں کرے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں