وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کا موجودہ نظام مؤثر انداز میں کام نہیں کر رہا اور ملکی ترقی کے لیے نئے انتظامی یونٹس کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔
پہلی پاکستان اکنامک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف صوبوں کے نمائندے اپنے اپنے مسائل بیان کر رہے ہیں، لیکن اگر بنیادی نظام میں تبدیلی نہ کی گئی تو یہی مسائل آئندہ کئی برس تک برقرار رہیں گے۔
محسن نقوی کے مطابق عام شہری کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، لیکن موجودہ ڈھانچے میں یہ ضروریات پوری نہیں ہو پا رہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف نوجوانوں میں مالی امداد یا ٹیبلٹس تقسیم کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، جب تک ملک کے بنیادی انتظامی اور ادارہ جاتی ڈھانچے کو درست نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے جمہوریت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں جمہوری نظام کی مختلف شکلیں موجود ہیں اور پاکستان کو بھی اپنے حالات کے مطابق مؤثر انتظامی نظام اختیار کرنا ہوگا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کو چھوٹے انتظامی یونٹس کی طرف جانا ہوگا، چاہے انہیں صوبے کہا جائے یا کوئی اور نام دیا جائے۔ ان کے مطابق بہتر انتظام، فوری فیصلہ سازی اور عوام تک بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے یہ تبدیلی ضروری ہے۔