امریکی ارکانِ کانگریس کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی تعاون اور اقتصادی روابط پر بات چیت ہوئی، آئی ایس پی آر

امریکی ایوانِ نمائندگان کے ارکان ریان کیتھ زنکے اور مائیکل جیمز نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، دوطرفہ دفاعی تعاون اور اقتصادی تعاون و خوشحالی کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کی وسیع اقتصادی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار علاقائی استحکام کا گہرا تعلق اقتصادی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی رابطوں میں بہتری سے ہے۔

اس دوران انہوں نے پاکستان میں کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے جاری ساختی اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے علاقائی استحکام اور اقتصادی مضبوطی میں پاکستان کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔

ملاقات میں دونوں جانب سے دوطرفہ اقتصادی روابط، نجی شعبے کی شراکت داری اور پاکستان و امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔

بیان کے مطابق امریکی ارکانِ کانگریس نے پاکستانی عسکری قیادت کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں