چیڈ لی کلوس کا نیا ریکارڈ، کامن ویلتھ گیمز میں 19 واں میڈل جیت لیا

جنوبی افریقہ کے تیراک چیڈ لی کلوس کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں سب سے زیادہ میڈلز جیتنے والے مرد ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔

34 سالہ لی کلوس نے گلاسگو 2026 کامن ویلتھ گیمز میں مردوں کی 4×100 میٹر فری اسٹائل ریلے میں برونز میڈل جیت کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ یہ ان کے کامن ویلتھ گیمز کیریئر کا 19 واں میڈل ہے۔ اس ریکارڈ کے ساتھ انہوں نے آسٹریلیا کے شوٹر فل ایڈمز اور انگلینڈ کے مک گالٹ کو پیچھے چھوڑ دیا، جن کے نام 18، 18 میڈلز تھے۔

لی کلوس نے اس تاریخی کامیابی پر کہا کہ انہیں برونز نہیں بلکہ گولڈ پر رونا چاہیے تھا، مگر یہ لمحہ ان کے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔

کامن ویلتھ گیمز میں لی کلوس کے میڈلز کی مجموعی تعداد اب 7 گولڈ، 4 سلور اور 8 برونز ہو گئی ہے۔

جنوبی افریقہ کی ریلے ٹیم میں چیڈ لی کلوس کے ساتھ پیٹر کوئٹزے، گائے بروکس اور روآرڈ وان رینن شامل تھے۔

آسٹریلیا نے اس ایونٹ میں گولڈ، انگلینڈ نے سلور اور جنوبی افریقہ نے برونز میڈل حاصل کیا۔

لی کلوس نے اپنا پہلا کامن ویلتھ گیمز 2010 میں نئی دہلی میں کھیلا تھا، جہاں انہوں نے 18 سال کی عمر میں 5 میڈلز جیتے تھے۔ گلاسگو 2026 ان کے کیریئر کے 5 ویں کامن ویلتھ گیمز ہیں۔ چیڈ لی کلوس کا کیریئر صرف کامن ویلتھ گیمز تک محدود نہیں۔ وہ اولمپکس میں بھی 4 میڈلز جیت چکے ہیں، جن میں 1 گولڈ شامل ہے۔

لی کلوس عالمی سطح پر بھی 16 ٹائٹلز اپنے نام کر چکے ہیں، زیادہ تر کامیابیاں انہوں نے بٹر فلائی ایونٹس میں حاصل کیں۔ رپورٹس کے مطابق لی کلوس ابھی گلاسگو میں 50 میٹر اور 100 میٹر بٹر فلائی ریسز میں بھی حصہ لینے والے ہیں۔

وہ 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں بھی شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں، جو ان کے کیریئر کے 5 ویں اولمپکس ہوں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں