پاکستان کرکٹ ٹیم تقریباً 6 برس بعد ون ڈے سیریز کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گی، ون ڈے سیریز کا شیڈول جاری

پاکستان کرکٹ ٹیم 2027 میں 5 ون ڈے انٹرنیشنل میچزکی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز 15 سے 26 مئی 2027 تک کھیلی جائے گی۔

سیریز کا پہلا ون ڈے 15 مئی کو ساؤتھمپٹن میں ہوگا، جبکہ دوسرا میچ 19 مئی کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔ تیسرا ون ڈے 21 مئی کو لیڈز اور چوتھا میچ 23 مئی کو چیسٹر لی اسٹریٹ میں ہوگا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچواں اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل 26 مئی کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔

پانچ میچوں کی یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاری کا اہم موقع ہوگی۔ ورلڈ کپ 4 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی مینز ون ڈے ٹیم رینکنگ میں پاکستان پانچویں جبکہ انگلینڈ ساتویں نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان نے آخری مرتبہ 2021 میں تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں