پنجاب کے متعدد دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ، پی ڈی ایم کی جانب سے ہدایات جاری

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث صوبے کے مختلف دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ بعض مقامات پر نچلے، درمیانے اور اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ تربیلا میں پانی کا بہاؤ تین لاکھ 36 ہزار کیوسک جبکہ چشمہ میں تین لاکھ دو ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادرآباد کے مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 95 ہزار کیوسک، خانکی پر دو لاکھ 62 ہزار کیوسک اور قادرآباد پر دو لاکھ 45 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تاہم بالائی علاقوں میں بارشیں رکنے کے بعد گزشتہ 12 گھنٹوں سے دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ مستحکم بتایا جا رہا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج اور دریائے جہلم میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، جبکہ دریائے راوی میں بلوکی کے مقام پر 73 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔ شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی کے مقامات پر بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

ادھر نارووال میں نالہ بسنتر میں درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، جبکہ گجرات کے نالہ بھمبر اور وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے دریا کے کناروں اور پاٹ میں موجود شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور فلڈ ریلیف کیمپوں میں بنیادی سہولیات اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت اور سیروتفریح سے گریز کریں، دریا عبور کرنے کے لیے صرف محفوظ کشتیوں اور لائف جیکٹس کا استعمال کریں، جبکہ بچوں کو ہرگز دریاؤں اور ندی نالوں میں نہانے کی اجازت نہ دیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں