بنگلہ دیش کے سرکاری خبر رساں ادارے بی ایس ایس کے مطابق جنوبی کوریا کے سفیر نے ڈھاکا کینٹ میں وزیراعظم کے دفاعی مشیر شمس الاسلام سے ملاقات کی۔
ملاقات میں بنگلہ دیش اور جنوبی کوریا نے دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور فوجی ٹیکنالوجی، جہاز سازی، مشترکہ تربیت اور اعلیٰ فوجی تعلیم کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں فریقین نے بنگلہ دیش کی مسلح افواج کی جدید کاری اور صلاحیتوں میں اضافے کے لیے فوجی سازوسامان، دفاعی ٹیکنالوجی کی منتقلی، بحری جہازوں کی تیاری، مشترکہ فوجی تربیت اور جدید دفاعی تعلیم کے شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی۔
اس ملاقات میں دونوں ممالک کے موجودہ دفاعی اور سفارتی تعلقات کو نئی سطح تک لے جانے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دونوں جانب سے ان شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے مثبت رویے کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ دفاعی تعلقات مزید گہرے کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
بنگلہ دیشی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں فریقوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مشترکہ منصوبوں اور دفاعی تعاون سے بنگلہ دیش اور جنوبی کوریا کے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔