کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے مشترکہ سلامتی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
بیان کے مطابق کینیڈین وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جاری کوششوں اور قربانیوں کو سراہا، جبکہ امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی بھی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی و سلامتی کے شعبوں میں تعاون اور روابط بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔