ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے سعودی کمپنی اکوا پاور کے سربراہ محمد ابونیان کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں مشترکہ سرمایہ کاری منصوبوں پر پیش رفت اور دوطرفہ شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔
ازبک صدارتی پریس سروس کے مطابق ملاقات میں سبز توانائی کے شعبے میں جاری منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے شمسی اور ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں پر کام کو طے شدہ منصوبے کے مطابق تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران نیو تاشقند بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تعمیر، فرغانہ میں کثیر شعبہ جاتی طبی مرکز کے قیام اور آئی ٹی پارک میں جدید ڈیٹا سینٹر شروع کرنے سے متعلق تجاویز بھی زیرِ غور آئیں۔
صدر شوکت مرزائیوف نے اکوا پاور کو ازبکستان کے سبز توانائی شعبے کا اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ منصوبوں پر بروقت اور معیاری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
سعودی سرمایہ کاروں نے ازبکستان میں جاری اقتصادی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے ماحول کو سراہتے ہوئے نئے منصوبوں میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
ازبکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ منصوبوں کا مجموعی پورٹ فولیو 27 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے، جس میں سبز توانائی، زراعت، صحت، بنیادی ڈھانچے اور دیگر ترجیحی شعبے شامل ہیں۔