ازبکستان بیلاروس تعاون میں تیزی، تجارت اور سرمایہ کاری 2 ارب ڈالر تک بڑھانے کا منصوبہ

ازبکستان نے صدر شوکت مرزائیوف کے حالیہ دورۂ بیلاروس کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر عمل درآمد تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ممالک باہمی تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانے اور مختلف شعبوں میں مجموعی طور پر 2 ارب ڈالر مالیت کے 310 مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ازبک صدارتی پریس سروس کے مطابق یہ منصوبے مشینری، زراعت، ادویات سازی، ٹیکسٹائل، لکڑی کی پروسیسنگ، صحت، لاجسٹکس اور خدمات کے شعبوں میں مکمل کیے جائیں گے۔ صدر شوکت مرزایوف نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ معاہدوں کو نئی صنعتوں، روزگار کے مواقع اور تاجروں کے لیے عملی منصوبوں میں تبدیل کیا جائے۔

بیلاروس نے مشترکہ سرمایہ کاری کے لیے صنعتی تنصیبات، سرکاری اثاثوں اور تقریباً 80 لاکھ ہیکٹر زرعی اراضی کی دستیابی سے متعلق تجاویز بھی پیش کی ہیں۔ ازبک شہریوں اور کاروباری افراد کے لیے بیلاروس میں ملازمت، سرمایہ کاری، رہائش اور کاروباری سہولتوں کے انتظام پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

ازبکستان کے اندیجان خطے اور بیلاروس کے ویتبسک خطے کے درمیان تعاون کا مشترکہ روڈ میپ پہلے ہی نافذ کیا جا چکا ہے۔ اس پروگرام کے تحت اندیجان کے 255 شہریوں کو ویتبسک میں روزگار فراہم کیا گیا ہے، جبکہ مویشی پالنے، لکڑی کی پروسیسنگ، تجارت، لاجسٹکس اور خدمات کے شعبوں میں 10 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے 30 منصوبے تیار کیے گئے ہیں۔

ان منصوبوں میں 3 ہزار مویشیوں کی گنجائش رکھنے والا ڈیری کمپلیکس، درمیانے درجے کے متعدد لائیو اسٹاک فارمز اور لکڑی کے فضلے سے ایندھن کے پیلیٹس تیار کرنے والا پلانٹ شامل ہیں۔

صدر مرزائیوف نے اندیجان اور ویتبسک کے درمیان قائم تعاون کے ماڈل کو دیگر علاقوں تک توسیع دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔ اس مقصد کے لیے بخارا، قشقدریا، نوائی، نمنگان، تاشقند، فرغانہ، سمرقند اور سرخاندریا کے خطوں کو بیلاروس کے مختلف علاقوں کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔

دونوں ممالک رواں سال کے اختتام تک ویتبسک کے اورشا ریلوے اسٹیشن پر ایک بین الاقوامی لاجسٹکس مرکز قائم کرنے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔ اس مرکز کے ذریعے درآمدی اور برآمدی سامان کو رعایتی کرایوں پر منتقل کیا جائے گا، جبکہ ازبکستان اور بیلاروس کے درمیان براہِ راست مال بردار ٹرین سروس شروع کرنے پر بھی کام جاری ہے۔

مزدوروں کی منظم منتقلی بھی دوطرفہ تعاون کا اہم حصہ ہے۔ ابتدائی مرحلے میں 1,100 ازبک شہریوں کو بیلاروس کے 13 اداروں میں ملازمت دی جائے گی۔ ستمبر سے ہر ماہ اندیجان کے 500 شہریوں کو ویتبسک بھیجنے کا منصوبہ ہے اور یہ تعداد مرحلہ وار 5 ہزار تک پہنچائی جائے گی۔

اس پروگرام کی نگرانی اور شہریوں کی معاونت کے لیے ازبکستان کی مائیگریشن ایجنسی ویتبسک میں اپنا نمائندہ دفتر قائم کرے گی۔ ازبک تاجروں کو بیلاروس میں بینک اکاؤنٹس کھولنے، سرمایہ منتقل کرنے اور منصوبوں کے لیے رعایتی مالی سہولتیں حاصل کرنے میں بھی مدد فراہم کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں