چین، کرغزستان اور ازبکستان ریلوے منصوبہ فعال مرحلے میں داخل

کرغزستان کے نائب وزیرِ ٹرانسپورٹ الماز ترگنبایف نے چائنا اسٹیٹ ریلوے گروپ کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے، جس میں چین، کرغزستان اور ازبکستان ریلوے منصوبے کی تعمیر کے مختلف مراحل پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں بتایا گیا کہ منصوبے سے متعلق اہم بین الاقوامی اور سرمایہ کاری معاہدے مکمل ہو چکے ہیں، مالی معاملات طے پا گئے ہیں اور جنرل کنٹریکٹر بھی منتخب کر لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ریلوے منصوبے پر عملی کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور سرنگوں، پلوں سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر جاری ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔

یہ ریلوے لائن خطے کے بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں میں شمار ہوتی ہے۔ منصوبے کی مجموعی لمبائی تقریباً 480 کلومیٹر ہے، جس میں سے 304 کلومیٹر سے زائد حصہ کرغزستان سے گزرے گا۔
چین، کرغزستان اور ازبکستان کے صدور نے اس ریلوے منصوبے کی تعمیر کا باضابطہ آغاز 27 دسمبر 2024 کو کیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں