‘یہ تین نسلوں کا رشتہ ہے’، پاکستان پیپلز پارٹی کے امجد حسین نے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کا حلف اٹھا لیا

پاکستان پیپلز پارٹی کے امجد حسین نے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ گلگت میں ہونے والی تقریبِ حلف برداری میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوئے۔

ایڈووکیٹ امجد حسین 22 جون کو وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے منتخب ہوئے تھے۔ اس سے قبل 7 جون کے انتخابات میں پیپلز پارٹی 24 رکنی گلگت بلتستان اسمبلی میں 12 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی تھی۔

حلف اٹھانے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امجد حسین نے کہا کہ انتخابات میں گلگت بلتستان کے نوجوانوں اور خواتین نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے خاص طور پر نگر کے عوام کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کے بقول پیپلز پارٹی کو مکمل کامیابی دلائی اور دو نشستیں دیں۔

نئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اور پیپلز پارٹی کا رشتہ تین نسلوں پر محیط ہے، اور یہ مینڈیٹ عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔ امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے کئی سیاسی ریکارڈ توڑے، کیونکہ پہلی بار مرکز میں ایک جماعت کی حکومت ہوتے ہوئے خطے میں دوسری جماعت پر اعتماد کیا گیا۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر امورِ گلگت بلتستان امیر مقام اور اپوزیشن لیڈر حافظ حفیظ الرحمٰن کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے جمہوری اصولوں کے تحت پیپلز پارٹی کو حکومت بنانے کا موقع دیا۔

وزیراعلیٰ امجد حسین نے گلگت بلتستان کی جغرافیائی اور ماحولیاتی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان 7 ہزار گلیشیئرز کا خطہ ہے، جو قطبی علاقوں کے بعد دنیا کے بڑے برفانی ذخائر میں شمار ہوتا ہے۔

ان کے مطابق یہ گلیشیئرز دریائے سندھ کے نظام کو پانی فراہم کرتے ہیں، جس سے پاکستان کے صوبوں کی زراعت، پینے کے پانی اور پن بجلی کی ضروریات پوری ہوتی ہیں۔ امجد حسین نے گلگت بلتستان کو ایکو ٹورازم کا اہم مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے لوگ اس خطے میں آنا چاہتے ہیں، مگر 78 سال گزرنے کے باوجود سفر کی غیر یقینی صورتحال ختم نہیں کی جا سکی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ قومی سطح پر گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کریں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ڈوگرہ راج سے آزادی حاصل کی، لیکن بعد میں انہیں ایف سی آر جیسے نظام کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ایف سی آر کا خاتمہ کیا، جبکہ بے نظیر بھٹو کے دور میں گلگت کو سیاسی جگہ ملی۔بلاول بھٹو کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کو اس کی موجودہ شناخت دلانے میں کردار ادا کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں