‘پاکستان ایک حقیقی اسٹریٹیجک پارٹنر ہے’، امریکا کی 250 ویں سالگرہ پر این آئی ٹی لاہور میں تقریب کا انعقاد، 250 وظائف دینے کا اعلان

صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، این آئی ٹی میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں لاہور میں تعینات امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز بھی شریک ہوئے۔ امریکی قونصل جنرل نے اس موقع پر پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلیمی، ٹیکنالوجی اور عوامی سطح پر شراکت داری کو اہم قرار دیا۔

این آئی ٹی، جو ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے، میں ہونے والی اس تقریب میں طلبہ، اساتذہ، والدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران این آئی ٹی نے فیوچر انوویٹرز اسکالرشپ، ایف آئی ایس، کے تحت 250 وظائف دینے کا اعلان بھی کیا۔

امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے این آئی ٹی کے چانسلر شہزیب اعوان کا تقریب میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اسٹیٹسن سینڈرز نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب بھی وہ این آئی ٹی آتے ہیں تو انہیں جوش، جذبہ اور مقصد کا احساس ہوتا ہے کیونکہ یہ ادارہ پاکستان کے مستقبل کے لیے ایک منفرد کام کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی 250ویں سالگرہ ایسے ادارے میں منانا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے جو جدت، تخلیقی صلاحیتوں اور مستقبل کے رہنماؤں کی تیاری پر توجہ دے رہا ہے۔

امریکی قونصل جنرل نے مزید کہا کہ امریکا میں یومِ آزادی صرف ایک قومی جشن نہیں بلکہ آزادی، جمہوریت اور شراکت داری کی علامت بھی ہے۔ ان کے مطابق اس تقریب کے ذریعے پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط تعلقات کا بھی اظہار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 250 سال قبل امریکا کے بانی رہنماؤں نے اس نظریے کا اعلان کیا تھا کہ تمام انسان برابر پیدا ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق یہ اعلان اس یقین کا اظہار تھا کہ آزاد لوگ اپنی حکومت خود قائم کر سکتے ہیں اور زندگی، آزادی اور خوشیوں کے حصول جیسے بنیادی حقوق سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

اسٹیٹسن سینڈرز نے کہا کہ امریکا کا یقین ہے کہ مضبوط ممالک مضبوط شراکت داریاں قائم کرتے ہیں اور پاکستان اور امریکا کے تعلقات اس وقت زیادہ مضبوط ہوتے ہیں جب ان سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ پہنچے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے امریکا 250 کی تقریبات کا آغاز کیا تھا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوئے تھے۔ ان کے مطابق امریکا کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے سال بھر مختلف تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

امریکی قونصل جنرل نے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا پاکستان کو محض ایک وقتی شراکت دار نہیں بلکہ ایک حقیقی اسٹریٹجک پارٹنر سمجھتا ہے، جس کی بنیاد باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور سلامتی و خوشحالی کے مشترکہ وژن پر قائم ہے۔

انہوں نے این آئی ٹی اور ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون امریکی اعلیٰ تعلیم کے معیار اور پاکستان کے روشن مستقبل کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ شراکت داری نوجوانوں کو وہ مہارتیں فراہم کر رہی ہے جن کی مدد سے وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں استعمال کر سکیں گے اور اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکیں گے۔

اسٹیٹسن سینڈرز نے فیوچر انوویٹرز اسکالرشپ کے اعلان کو امریکا کے 250ویں یومِ آزادی کے لیے ایک بہترین خراجِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت آئندہ دس برسوں میں 250 طلبہ کو این آئی ٹی میں چار سالہ مکمل فنڈڈ تعلیم فراہم کی جائے گی۔

ان کے مطابق یہ اقدام پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے کیونکہ اس سے باصلاحیت نوجوانوں کو تعلیم، جدت اور ترقی کے نئے مواقع حاصل ہوں گے۔ اپنے خطاب کے اختتام پر امریکی قونصل جنرل نے چانسلر شہزیب اعوان، اساتذہ، طلبہ، والدین اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس تاریخی موقع کو منانے کے لیے اس سے بہتر جگہ کا تصور نہیں کر سکتے تھے۔ انہوں نے حاضرین کو امریکا کے یومِ آزادی اور فریڈم 250 کی مبارکباد بھی دی۔

اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے این آئی ٹی کے چانسلر شہزیب اعوان نے تمام مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ہزیب اعوان نے کہا کہ امریکا کی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کی خوشی میں یہ تقریب منعقد کی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان بھی رواں سال 14 اگست کو اپنی آزادی کے تقریباً 80 سال مکمل کرنے جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں اہم سنگ میل پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط ہوتی دوستی کی علامت ہیں۔ انہوں نے امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تقریب میں شرکت این آئی ٹی کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔

چانسلر این آئی ٹی نے کہا کہ امریکا کی 250 سالہ آزادی کے موقع پر این آئی ٹی فیوچر انوویٹرز اسکالرشپ کا آغاز کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت 250 باصلاحیت طلبہ کو وظائف دیے جائیں گے تاکہ وہ مستقبل کے سائنس دان، انجینئر، ٹیکنالوجی ماہر اور اختراع کار بن سکیں۔

شہزیب اعوان کے مطابق یہ اسکالرشپ نہ صرف امریکا کے تاریخی سنگ میل کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے بلکہ پاکستان کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اور بہتر مستقبل فراہم کرنے کے عزم کی بھی عکاس ہے۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلیم، ٹیکنالوجی، جدت اور عوامی روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں