تاشقند میں ازبک-پاکستانی بزنس فورم 8 جولائی کو منعقد ہو گا

ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں ازبک-پاکستانی بزنس فورم اور بی ٹو بی میچ میکنگ میٹنگز 8 جولائی 2026 کو منعقد ہوں گی۔
ازبک میڈیا کے مطابق، یہ فورم حیات ریجنسی تاشقند ہوٹل میں سہ پہر 3 بجے سے شام 5 بجے تک ہو گا۔

ایونٹ کا اہتمام ازبکستان کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان کے سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ فورم میں پاکستان کی معروف کمپنیوں اور کاروباری تنظیموں کے 70 سے زائد نمائندوں پر مشتمل وفد شرکت کرے گا۔

پاکستانی وفد میں فارماسیوٹیکل، میڈیکل آلات، صنعتی پیداوار، ریٹیل، خدمات، کنزیومر گڈز، زراعت، فوڈ انڈسٹری، سیاحت، لاجسٹکس، تعلیم، تعمیرات اور خشک میوہ جات کی تجارت سے وابستہ کاروباری شخصیات شامل ہوں گی۔

منتظمین نے ازبکستان کی کمپنیوں اور مقامی کاروباری افراد کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ تجارتی روابط قائم کرنے کے لیے فورم اور بی ٹو بی مذاکرات میں شرکت کریں۔

حکام کے مطابق، اس فورم کا مقصد دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے درمیان براہِ راست رابطے بڑھانا، تجارتی مواقع تلاش کرنا اور باہمی معاشی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں