ازبکستان میں لوگوں کی اوسط متوقع عمر 2025 میں بڑھ کر 75.4 سال ہو گئی ہے، جو ملک کی آزادی کے بعد سے اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔
قومی شماریات کمیٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 1991 میں ازبکستان کے شہریوں کی اوسط متوقع عمر 66.4 سال تھی، جو گزشتہ 34 برس کے دوران تقریباً 9 سال بڑھ چکی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزادی کے بعد سے شہریوں کی اوسط عمر میں مجموعی طور پر مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 1995 میں یہ 69.1 سال، 2000 میں 70.8 سال، 2005 میں 71.8 سال اور 2010 میں 73 سال تک پہنچ گئی۔
2015 میں اوسط متوقع عمر 73.6 سال ریکارڈ کی گئی۔ تاہم 2020 میں عالمی وبا کے دوران یہ معمولی کمی کے ساتھ 73.4 سال رہ گئی۔ اس کے بعد یہ رجحان دوبارہ مثبت ہوا اور 2024 میں اوسط عمر 75.1 سال جبکہ 2025 میں بڑھ کر 75.4 سال کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔
ماہرین کے مطابق اوسط عمر میں یہ اضافہ ملک میں صحت عامہ، طبی سہولیات اور مجموعی معیارِ زندگی میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔