بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور کا کہنا ہے کہ آج کے اداکار ماضی کے مقابلے میں بہت خوش قسمت ہیں کیونکہ اب کرداروں کی تیاری، اسکرپٹ پر کام اور ورکشاپس کا باقاعدہ نظام موجود ہے، جبکہ ان کے کیریئر کے ابتدائی دور میں ایسا نہیں تھا۔
حال ہی میں زی فائیو پر نشر ہونے والی سیریز براؤن میں مرکزی کردار ادا کرنے والی کرشمہ کپور نے بتایا کہ ان کے کردار ‘ریٹا براؤن’ کی تشکیل کے لیے ہدایت کار ابھینے دیو کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ان کے مطابق ریٹا ایک ایسی پولیس افسر ہے جو کم بولتی ہے، لیکن اس کے اندر موجود درد، تنہائی اور ذہنی بوجھ اس کی حرکات و سکنات سے نمایاں ہوتا ہے۔ کردار کی زبان اور جذباتی کیفیت پر خاص توجہ دی گئی تاکہ ناظرین اس کے احساسات کو محسوس کر سکیں۔
کرشمہ کپور نے کہا کہ اب وہ بہت زیادہ کام نہیں کرتیں، اس لیے اگر کسی پراجیکٹ کا حصہ بنتی ہیں تو وہ ان کے لیے واقعی پرکشش اور منفرد ہونا چاہیے۔ ان کے بقول انہوں نے براؤن اسی لیے قبول کی کیونکہ یہ ان کے لیے ایک مختلف تجربہ تھا۔ کولکتہ میں شوٹنگ اور پوری ٹیم کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے خوشگوار اور یادگار تجربہ ثابت ہوا۔
ہدایت کار ابھینے دیو نے بتایا کہ کرداروں کو حقیقت کے قریب لانے کے لیے اداکاروں کے ساتھ ایسی باتوں پر بھی گفتگو کی گئی جو اسکرپٹ میں موجود نہیں تھیں، جیسے کرداروں کا بچپن، ان کی نفسیات اور ان کے رویوں کے پس منظر۔ ان کے مطابق ہر کردار کو باریک ترین تفصیلات کے ساتھ تخلیق کرنا اس پراجیکٹ کا سب سے دلچسپ حصہ تھا۔
سیریز کی ایک نمایاں خصوصیت کولکتہ شہر کی خوبصورت اور مؤثر عکاسی بھی ہے۔ ابھینے دیو نے کہا کہ یہ کہانی ایک ناول “سٹی آف ڈیتھ” سے ماخوذ ہے، جس میں شہر خود ایک اہم کردار کی حیثیت رکھتا ہے۔ اسی لیے انہوں نے کولکتہ کو محض پس منظر کے طور پر نہیں بلکہ کہانی کے ایک بنیادی جزو کے طور پر پیش کیا۔
خاتون پولیس افسر پر مبنی کئی دیگر سیریز کے بعد براؤن کی ریلیز کے حوالے سے ابھینے دیو کا کہنا تھا کہ جب اس پراجیکٹ پر کام شروع ہوا تھا تو ایسی کہانیاں بہت کم تھیں۔ ان کے مطابق فن تخلیق کرتے وقت منفرد نظر آنے کا غیر ضروری دباؤ نہیں لینا چاہیے بلکہ دیانت داری کے ساتھ وہی کام کرنا چاہیے جس پر خود یقین ہو۔
اپنے 35 سالہ کیریئر کو یاد کرتے ہوئے کرشمہ کپور نے کہا کہ ماضی میں اکثر فلموں کی شوٹنگ اسکرپٹ کے بغیر شروع ہو جاتی تھی اور کرداروں پر اتنی تفصیلی تیاری نہیں ہوتی تھی۔ آج اداکاروں کو ہدایت کار، تکنیکی ٹیم اور دیگر فنکاروں کے ساتھ بیٹھ کر کردار کو سمجھنے اور نکھارنے کا بھرپور موقع ملتا ہے، جو ایک بڑی سہولت ہے۔
تاہم ایک عادت آج بھی نہیں بدلی۔ کرشمہ کپور نے اعتراف کیا کہ وہ اپنی فلمیں اور ڈرامے دیکھنا پسند نہیں کرتیں۔ ان کے مطابق ان کا کام اداکاری کرنا ہے، جبکہ فیصلہ ناظرین کا حق ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ جب تک ناظرین ان کے کام سے خوش ہیں، یہی ان کے لیے سب سے بڑی کامیابی ہے۔