تاشقند انٹرنیشنل انویسٹمنٹ فورم 2026 کے موقع پر امریکہ نے ازبکستان کے ساتھ بزنس اور انویسٹمنٹ کونسل کے ابتدائی ارکان کا اعلان کیا ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو نئی سمت دینے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ کونسل اپریل 2026 میں واشنگٹن میں قائم کی گئی تھی اور اس کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے بڑے منصوبوں کو تیز کرنا ہے۔
اعلان کے مطابق اس کونسل میں امریکی حکومت اور مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام شامل ہوں گے جن میں امریکی ڈی ایف سی کی نائب صدر بیٹنی ایکولینا بریز، ایکسپورٹ امپورٹ بینک کی سینئر نائب صدر سارہ وِٹن، امریکی محکمہ تجارت کے اسسٹنٹ سیکرٹری ڈیوڈ فوگل، امریکی محکمہ خارجہ کے اقتصادی امور کے اسسٹنٹ سیکرٹری کیلِب اور اور ازبکستان میں امریکی سفیر جوناتھن ہینک شامل ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کونسل دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے عمل کو ادارہ جاتی بنیادوں پر مضبوط بنائے گی اور امریکی کمپنیوں کو ازبکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر، کان کنی، زراعت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں براہ راست مواقع تک رسائی فراہم کرے گی۔
بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ ازبکستان کے پاس اہم معدنی وسائل کے بڑے ذخائر موجود ہیں جو امریکہ کی ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعتوں کے لیے اہم ہیں۔
کونسل کی مشترکہ صدارت امریکی خصوصی ایلچی برائے جنوبی و وسطی ایشیا سیرجیو گور اور ازبک صدارتی انتظامیہ کی سربراہ سعیدہ مرزائیوف کر رہی ہیں۔