ازبکستان کو روسی گیس کی فراہمی میں 15 فیصد اضافہ، درآمدات 6.5 ارب کیوبک میٹر کے قریب پہنچ گئیں

روسی توانائی کمپنی گیزپروم کے مطابق 2025 کے دوران ازبکستان کو روسی قدرتی گیس کی فراہمی میں 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مجموعی برآمدات تقریباً 6.5 ارب کیوبک میٹر تک پہنچ گئیں۔

گیزپروم کی سالانہ رپورٹ کے مطابق 2024 میں ازبکستان کو 5.64 ارب کیوبک میٹر گیس فراہم کی گئی تھی، جو 2025 میں بڑھ کر 6.48 ارب کیوبک میٹر ہو گئی۔ یہ گیس قزاقستاب کے راستے سنٹرل ایشیا-سنٹرل پائپ لائن سسٹم کے ذریعے منتقل کی گئی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ سال بھر گیس کی فراہمی میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا، جبکہ سال کی آخری سہ ماہی میں ترسیل کا حجم پائپ لائن کی زیادہ سے زیادہ تکنیکی استعداد تک پہنچ گیا۔

گیزپروم کے مطابق قزاقستان، ازبکستان اور کرغزستان کو مجموعی روسی گیس برآمدات میں 2025 کے دوران 22.2 فیصد اضافہ ہوا۔

روسی گیس کی درآمدات میں یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ازبکستان کی مقامی گیس پیداوار میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2026 کی پہلی سہ ماہی میں ملک کی قدرتی گیس پیداوار 15 فیصد کم ہو کر 9.6 ارب کیوبک میٹر رہ گئی، جبکہ ایک سال قبل اسی مدت میں یہ مقدار 11.3 ارب کیوبک میٹر تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں