افغانستان کی وزارتِ معدنیات و پٹرولیم کا کہنا ہے کہ ہرات میں ٹاپی گیس پائپ لائن منصوبے کے تعمیراتی کام کا 52 فیصد حصہ مکمل کر لیا گیا ہے۔
وزارت کے ترجمان ہمایون افغان کے مطابق منصوبے کے تحت اب تک 80 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھائی جا چکی ہے، جبکہ پائپ لائن کی تنصیب کے لیے 126 کلومیٹر راہداری بھی تیار کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کی نگرانی اور رسائی کے لیے 108 کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کی جا چکی ہے، جبکہ مزید 72.3 کلومیٹر پائپ بھی منصوبے کے علاقے میں منتقل کیے گئے ہیں۔
ٹاپی گیس پائپ لائن ایک اہم علاقائی منصوبہ ہے جس کے ذریعے ترکمانستان سے قدرتی گیس افغانستان کے راستے پاکستان اور بھارت تک پہنچائی جائے گی۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ منصوبہ مکمل ہونے سے نہ صرف علاقائی اقتصادی روابط مضبوط ہوں گے بلکہ افغانستان میں روزگار کے مواقع اور سرمایہ کاری میں بھی اضافہ متوقع ہے۔