آبنائے ہرمز کے قریب امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر تباہ، دونوں اہلکار محفوظ

آبنائے ہرمز کے قریب امریکی فوج کا ایک اپاچی جنگی ہیلی کاپٹر پیر کے روز تباہ ہو گیا، تاہم اس میں سوار دونوں اہلکاروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہیلی کاپٹر ایرانی فائرنگ کا نشانہ بنا، کسی فنی خرابی کا شکار ہوا یا حادثے کی کوئی اور وجہ تھی۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی اور فوجی کارروائیوں کے بعد جنگ بندی کی صورتحال بدستور غیر یقینی سمجھی جا رہی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہیلی کاپٹر کے دونوں اہلکار محفوظ ہیں۔ انہوں نے مزید تفصیلات دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ واقعے سے متعلق رپورٹ جلد جاری کی جائے گی۔

امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے واقعے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

امریکہ نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت بحال رکھنے کے لیے اپاچی ہیلی کاپٹروں، ایم کیو-9 ریپر ڈرونز اور جنگی طیاروں کو تعینات کر رکھا ہے۔ اپاچی ہیلی کاپٹر چھوٹی کشتیوں کے حملوں کی روک تھام اور ڈرونز کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک ایران متعدد امریکی ڈرونز مار گرا چکا ہے، تاہم موجودہ تنازع کے دوران کسی اپاچی ہیلی کاپٹر کے تباہ ہونے کا یہ پہلا واقعہ بتایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں