ازبکستان اور پاکستان نے ثقافتی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز کرتے ہوئے فلم، ٹیلی ویژن، ڈیجیٹل میڈیا اور عوامی ابلاغ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر اتفاق کیا ہے۔
اسلام آباد میں ازبک سفیر علی شیر تختیوف کی پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا اور ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران تاریخی اور دستاویزی فلموں کی تیاری، صحافیوں کے تبادلہ پروگرام، پریس ٹورز کے انعقاد اور دونوں ممالک کے اہم میڈیا اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر دونوں فریقین نے عظیم تاریخی شخصیت ظہیر الدین محمد بابر کی زندگی اور خدمات پر مشترکہ فلم بنانے کی آمادگی کا بھی اظہار کیا۔ اس منصوبے کو دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ اور تہذیبی ورثے کی عکاسی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ملاقات میں طے پایا کہ پاکستان کے معروف بلاگرز، صحافیوں اور ٹی وی چینلز کے نمائندوں کے لیے ازبکستان کے مطالعاتی دورے کرائے جائیں گے، تاکہ وہ وہاں کی سرمایہ کاری کے مواقع، ثقافتی ورثے اور سیاحتی امکانات سے براہ راست آگاہ ہو سکیں۔
دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ثقافت، تعلیم، میڈیا اور عوامی روابط کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
اس موقع پر یہ امید ظاہر کی گئی کہ یہ نئے مشترکہ اقدامات ازبکستان اور پاکستان کے درمیان دوستی کو مزید مستحکم کریں گے اور وسطی و جنوبی ایشیا کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔