ازبکستان میں پہلے نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کا آغاز

ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف نے ملک کے پہلے نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقد ہوئی جس میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے بھی شرکت کی۔

ازبک صدارتی دفتر کے مطابق یہ منصوبہ ملک میں ایک نئی صنعت، یعنی جوہری توانائی، کی بنیاد رکھے گا اور توانائی کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

یہ جوہری بجلی گھر ازبکستان کے جیزخ ریجن میں تعمیر کیا جائے گا۔ منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ پہلی بار ایک ہی مقام پر چھوٹے اور بڑے دونوں نوعیت کے جوہری ری ایکٹرز قائم کیے جائیں گے۔

ازبک ایجنسی “اوزاتوم” کے سربراہ عظیم احمدخواجایف کے مطابق منصوبے کی مجموعی لاگت تقریباً 9.5 ارب ڈالر ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق روس اس منصوبے کی تعمیر کے لیے ازبکستان کو رعایتی برآمدی قرض فراہم کرے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ بجلی گھر مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد سالانہ تقریباً 17 ارب کلو واٹ گھنٹے بجلی پیدا کرے گا، جو ازبکستان کی مجموعی توانائی ضروریات کا تقریباً 15 فیصد پورا کرنے کے لیے کافی ہوگی۔

اپنا تبصرہ لکھیں