” وائٹ وولوز ” کے نام سے مشہور ازبک ٹیم کی فیفا ورلڈ کپ میں پہلی بار شرکت: ازبکستان 2026 کے عالمی کپ میں کیا کر سکتا ہے؟

ازبکستان 2026 کے فیفا ورلڈ کپ میں پہلی بار شرکت کرے گا اور اسے ٹورنامنٹ کی سب سے دلچسپ نئی ٹیموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ کئی دہائیوں تک ورلڈ کپ میں رسائی کے قریب پہنچنے کے باوجود ناکام رہنے والی ازبک ٹیم نے بالآخر تاریخ رقم کرتے ہوئے عالمی فٹبال کے سب سے بڑے مقابلے میں جگہ بنا لی ہے۔

” وائٹ وولوز “کے نام سے مشہور ازبکستان نے ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کے کوالیفائنگ مرحلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹیم نے گروپ اے میں 21 پوائنٹس حاصل کیے، جن میں چھ فتوحات، تین ڈرا اور صرف ایک شکست شامل تھی۔ ازبکستان نے ایران کے بعد دوسری پوزیشن حاصل کر کے ورلڈ کپ کا تاریخی ٹکٹ اپنے نام کیا۔

ازبکستان کے ہیڈ کوچ سابق اطالوی عالمی کپ فاتح فابیو کیناوارو ہیں، جنہوں نے ٹیم میں نظم و ضبط، دفاعی استحکام اور جارحانہ اندازِ کھیل متعارف کرایا ہے۔ فٹبال ماہرین کے مطابق کیناوارو کی قیادت میں ازبکستان کسی بھی مضبوط حریف کے لیے آسان ٹیم ثابت نہیں ہوگا۔

ٹیم کے کپتان اور سب سے بڑے سٹار ایلڈور شومورودوف ہیں، جو یورپی فٹبال میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کے علاوہ مانچسٹر سٹی سے وابستہ نوجوان دفاعی کھلاڑی عبدالقادر خوسانوف بھی ازبکستان کے اہم کھلاڑی سمجھے جا رہے ہیں۔

ورلڈ کپ میں ازبکستان کو گروپ’ کے’ میں کولمبیا، پرتگال اور کانگو ریپبلک کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ ازبک ٹیم اپنا پہلا میچ 17 جون کو کولمبیا کے خلاف کھیلے گی، جبکہ 23 جون کو اس کا مقابلہ پرتگال اور 27 جون کو کانگو سے ہوگا۔

فٹبال مبصرین کے مطابق گروپ مرحلے سے آگے جانا ازبکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی، تاہم پہلی مرتبہ عالمی کپ میں شرکت کرنے والی یہ ٹیم اپنی توانائی، جوش اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی بدولت ٹورنامنٹ کی حیران کن ٹیموں میں شامل ہو سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں