بھارت میں موجود ایک اسرائیلی شہری ایتان گلبووا کی گرفتاری کے لیے بیلجیم میں قائم ہند رجب فاؤنڈیشن نے بھارتی حکام کو ہنگامی درخواست جمع کرا دی ہے۔
ہند رجب فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ بھارتی پولیس، وزارتِ داخلہ اور امیگریشن حکام کو ایک تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ فراہم کی گئی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کا ایک ریزرو اہلکار، ایتان گلبووا جو اس وقت بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں موجود ہے، غزہ میں رہائشی عمارتوں کی مسماری میں ملوث رہا اور ان کارروائیوں کی حمایت بھی کرتا رہا۔
تنظیم کے مطابق مذکورہ کارروائیاں جنگی جرائم کے زمرے میں آتی ہیں اور اسی بنیاد پر بھارتی حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ متعلقہ شخص کو فوری طور پر گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ تنظیم نے مؤقف اختیار کیا کہ جنیوا معاہدوں کے تحت بھارت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ سنگین خلاف ورزیوں کے الزامات کا سامنا کرنے والے افراد کے خلاف تحقیقات اور قانونی کارروائی کرے، چاہے ان کا تعلق کسی بھی ملک سے ہو۔
فاؤنڈیشن کے سربراہ دیاب ابو جحجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مذکورہ اسرائیلی شہری کو محض ایک سیاح نہیں سمجھا جانا چاہیے بلکہ ان کے بقول وہ ایک ایسے شخص ہیں جس کے خلاف سنگین الزامات موجود ہیں، اس لیے ان کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔
فاؤنڈیشن کے مطابق، اسرائیلی شہری اس وقت ہماچل پردیش کے ایک گاؤں میں موجود ہے۔