گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات کے دوران سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب پولیس سے 5 ہزار اہلکار طلب کر لیے گئے ہیں۔
رائٹ مینجمنٹ فورس کے 1500 اہلکار، پنجاب کانسٹیبلری کے 1242 اور پنجاب ہائی وے پٹرول کے 1958 اہلکار گلگت بلتستان بھیجے جائیں گے، جبکہ لاہور پولیس کے 300 اہلکار بھی انتخابی سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔
اس حوالے سے اے آئی جی آپریشنز نے ایس ایس پی موٹر ٹرانسپورٹ کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ اہلکاروں کی روانگی کے لیے مناسب ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا جائے اور متعلقہ سی پی اوز ٹرانسپورٹ اور نفری کی تفصیلات فوری طور پر ارسال کریں۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور مقامی پولیس کی معاونت کے لیے دیگر صوبوں سے بھی نفری طلب کی جاتی رہی ہے۔