پی ڈی ایم اے نے دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب کے پیشِ نظر فلڈ الرٹ جاری کر دیا

پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ آبپاشی کے خط کے بعد متعلقہ اضلاع اور اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت میں سلال ڈیم کے سپل وے گیٹس 21 مئی کی صبح 9 بجے سے 30 مئی تک کھولے جائیں گے، جس کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح 2 سے 3 میٹر تک بڑھ سکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مرالہ بیراج پر اچانک پانی کی آمد کا خطرہ موجود ہے۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق متعلقہ اضلاع میں کنٹرول رومز 24 گھنٹے فعال رکھنے اور ریسکیو کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو بھاری مشینری اور اضافی عملہ تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ حفاظتی بندوں کا فوری معائنہ کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں اور نہروں کے کناروں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں