محکمہ داخلہ پنجاب نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سکیورٹی، صفائی اور امن و امان کی صورتحال بہتر رکھنے کیلئے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ پابندیوں کا اطلاق 27 مئی سے 2 جون تک رہے گا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق عوامی مقامات پر سری پائے جلانے، نہروں، دریاؤں، ندی نالوں اور ڈیموں میں نہانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جانوروں کی اوجھڑی اور فضلہ مین ہولز، نالیوں یا کینالوں میں پھینکنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
حکم نامے کے مطابق سرکاری طور پر منظور شدہ مویشی منڈیوں کے علاوہ کسی بھی مقام پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت پر بھی پابندی ہوگی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ انسانی جانوں کے تحفظ، ماحول کی بہتری اور عوامی سکون کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ایسی سرگرمیاں صحت عامہ کیلئے خطرہ بننے کے ساتھ شہریوں میں بے چینی کا سبب بھی بنتی ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے واضح کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ادارے ہی کھالیں وصول کر سکیں گے۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت یہ احکامات جاری کیے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حکم نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔