پاکستان کے صوبہ پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آذربائیجان کے شہر باکو میں منعقدہ ورلڈ اربن فورم میں شرکت کی، جہاں قائم کیے گئے ’پنجاب پویلین‘ نے عالمی وفود اور بین الاقوامی میڈیا کی توجہ حاصل کر لی۔
مریم نواز شریف نے فورم میں پنجاب پویلین کا افتتاح کیا اور وہاں مختلف منصوبوں سے متعلق لگائے گئے ماڈلز اور معلوماتی کارنرز کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔
افتتاحی تقریب میں بین الاقوامی میڈیا اور مختلف ممالک سے آئے وفود کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جبکہ پنجاب پویلین میں موجود شرکاء اور میڈیا نمائندوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سے ملاقاتیں بھی کیں۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے عالمی وفود کو پنجاب حکومت کے فلیگ شپ منصوبے ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے تحت کم آمدنی والے افراد کو رہائش کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
پنجاب پویلین میں ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ منصوبے پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی، جس میں اسکیم کے تحت تعمیر ہونے والے گھروں اور مستفید ہونے والے افراد کے تجربات دکھائے گئے۔
حکومتِ پنجاب کے مطابق، تقریب میں موجود عالمی وفود اور بین الاقوامی میڈیا نے منصوبے کی رفتار اور نتائج کو سراہتے ہوئے اسے ایک مؤثر ماڈل قرار دیا۔ حکومت کے مطابق صرف ایک سال کے دوران اس اسکیم کے تحت ایک لاکھ سے زائد گھر مکمل کیے جا چکے ہیں۔
جاری بیان کے مطابق، ورلڈ اربن فورم میں شریک مختلف ممالک کے نمائندوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوامی فلاحی وژن اور شہری ترقی سے متعلق اقدامات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔