پاکستان کی مسلح افواج عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے ہر روپ کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی ارکان سے خطاب کیا۔ بیان کے مطابق، انہوں نے کالج کے اعلیٰ تربیتی معیار، فکری صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کے فارغ التحصیل افسران اپنی غیر معمولی کارکردگی اور پیشہ ورانہ وابستگی کے باعث نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے ہوئے انداز پر روشنی ڈالتے ہوئے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز، تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی اور مستقبل کے جنگی چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود کو اور اپنے جوانوں کو مسلسل تربیت دیں تاکہ بدلتے جنگی حالات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

بعد ازاں فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے موجودہ سکیورٹی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے ہر روپ کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کو پروپیگنڈے، جھوٹی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ذریعے نہیں روکا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف پراکسیز اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے سازشیں کرنے والی قوتیں ریاست کی مضبوطی اور عوام کے اتحاد کے باعث ناکام ہوں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں پائیدار امن اور استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دیرپا ترقی کے لیے عوامی فلاح، جامع ترقی اور بہتر طرزِ حکمرانی کو سکیورٹی اقدامات کے ساتھ آگے بڑھانا ضروری ہے۔ انہوں نے حکومتِ بلوچستان کی جانب سے عوامی بہبود، سماجی و معاشی ترقی اور عوام اور ریاست کے تعلق کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو بھی سراہا۔

بیان کے مطابق فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں امن و استحکام برقرار رکھنے اور ریاستی رٹ کے قیام کے لیے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ عزم کی بھی تعریف کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں