جون میں ہونے والے ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے 12 ٹیموں نے کیسے کولیفائی کیا؟

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 12 جون سے انگلینڈ اور ویلز میں ہوگا، جس میں مجموعی طور پر 12 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ یہ خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا ایڈیشن ہوگا۔

ٹورنامنٹ کے لیے مختلف ٹیموں نے الگ الگ طریقوں سے کوالیفائی کیا۔ دفاعی چیمپیئن نیوزی لینڈ کے علاوہ آسٹریلیا، بھارت، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز نے 2024 کے ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر براہِ راست جگہ حاصل کی۔

سری لنکا اور پاکستان نے عالمی رینکنگ کی بنیاد پر ایونٹ کے لیے کوالیفائی کیا، جبکہ میزبان ہونے کے ساتھ انگلینڈ نے بھی اپنی عالمی رینکنگ کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں جگہ بنائی۔

باقی چار ٹیموں کا فیصلہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کوالیفائر کے ذریعے ہوا، جو 18 جنوری سے یکم فروری تک نیپال میں منعقد ہوا۔

بنگلہ دیش نے پورے کوالیفائر میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ٹورنامنٹ کے لیے جگہ بنائی۔ نیدرلینڈز نے پہلی مرتبہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا، جب اس نے امریکا کو 21 رنز سے شکست دی۔

آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ بھی کوالیفائر سے اگلے مرحلے میں پہنچنے والی ٹیمیں رہیں۔ آئرلینڈ پانچویں مرتبہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا جبکہ اسکاٹ لینڈ دوسری بار ایونٹ کا حصہ بنے گا۔

ٹورنامنٹ میں 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ ون میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، بھارت، نیدرلینڈز، پاکستان اور جنوبی افریقہ شامل ہیں، جبکہ گروپ ٹو میں میزبان انگلینڈ کے ساتھ آئرلینڈ، نیوزی لینڈ، اسکاٹ لینڈ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز موجود ہیں۔

پہلا سیمی فائنل 30 جون کو جبکہ دوسرا سیمی فائنل 2 جولائی کو اوول گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ فائنل 5 جولائی کو لارڈز میں ہوگا۔

ایونٹ سے قبل وارم اپ میچز کارڈف، ڈربی اور لافبرو یونیورسٹی میں کھیلے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں