محسن نقوی اور امریکی نائب وزیر خارجہ پال کپور کی ملاقات، پاک امریکہ تعلقات پر تبادلۂ خیال

اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکہ کے نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیائی امور پال کپور نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور وفاقی سیکرٹری داخلہ بھی شریک تھے۔

فریقین نے پاک امریکہ تعلقات، مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال، سکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے شعبوں میں اشتراک کار بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعاون پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے پر کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

محسن نقوی نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان براہ راست پروازوں کے جلد آغاز کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

انہوں نے مشرق وسطیٰ کے تنازع کے پرامن اور دیرپا حل کے لیے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام انتہائی ضروری ہے۔

امریکی نائب وزیر خارجہ پال کپور نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش ظاہر کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں