پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے بدھ کے روز مقامی طور پر تیار کردہ ‘فتح-4’ گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق جدید ایویانکس اور جدید ترین نیویگیشنل نظام سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے تک اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس تربیتی تجربے کا مقصد فوجی دستوں کی آپریشنل استعداد کو بہتر بنانا اور مختلف ذیلی نظاموں کے تکنیکی معیار کی جانچ کرنا تھا تاکہ ہدف کو زیادہ درستگی سے نشانہ بنانے کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
اس موقع پر پاکستان آرمی راکٹ فورس کمانڈ کے اعلیٰ افسران کے علاوہ میزائل تیار کرنے والے ادارے کے سائنس دانوں اور انجینیئرز نے بھی تجربے کا مشاہدہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم، چیف آف آرمی اسٹاف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، پاک بحریہ کے سربراہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ نے “فتح-4” کے کامیاب تجربے پر متعلقہ ٹیم کو مبارکباد دی اور “فتح” سیریز کے میزائل پروگرام میں شامل تمام ماہرین، سائنس دانوں اور عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیت، محنت اور عزم کو سراہا۔