ازبکستان میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی اور خدمات پر خصوصی نشست کا انعقاد

ازبکستان میں پاکستان کے سفارت خانے اور تاشقند اسٹیٹ یونیورسٹی آف اورینٹل اسٹڈیز کے درمیان طے پانے والے روڈ میپ کے تحت یونیورسٹی میں قائم اردو کلب نے 6 مئی 2026 کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی اور خدمات پر ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا۔

یہ تقریب یونیورسٹی کے ’گوشۂ اردو بنام علامہ محمد اقبال‘، جو ایک اسمارٹ لرننگ اردو سینٹر ہے، میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاکستانی سفارت خانے کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن ماہا شفیق، جامعہ کے اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔

پاکستان میں اس سال قائداعظم محمد علی جناح کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات کے پیشِ نظر نشست کا موضوع قائداعظم کی زندگی، وژن اور قیادت رکھا گیا۔

اپنے خطاب میں ماہا شفیق نے طلبہ کو قائداعظم محمد علی جناح کی شخصیت اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کے قیام میں ان کے تاریخی کردار سے آگاہ کیا۔ انھوں نے قائداعظم کے جمہوری وژن، سیاسی بصیرت اور قیام پاکستان کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد پر روشنی ڈالی۔

بعد ازاں شرکا کو ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں قائداعظم کے پاکستان کے پہلے گورنر جنرل کی حیثیت سے کردار اور نومولود ریاست کی بنیادیں مضبوط کرنے کی کوششوں کو اجاگر کیا گیا۔

فلم کی نمائش کے بعد سوال و جواب کی مختصر نشست بھی منعقد ہوئی، جس کا مقصد طلبہ کی معلومات کا جائزہ لینا اور قائداعظم کی زندگی اور خدمات پر تبادلہ خیال کو فروغ دینا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں