ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے معرکۂ حق کی سالگرہ کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا مقصد گزشتہ سال مئی میں ہونے والی پاک بھارت کشیدگی اور اس میں پاکستان کی تاریخ ساز کامیابی پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔
اس موقع پر پاکستانی سفیر احمد فاروق، ملٹری اتاشی کرنل وقاص، قونصلر ثاقب علی، چیئرمین تاشقند اردو ذبیح اللہ بلگن اور صدر تاشقند اردو راشد محمود سمیت ازبکستان میں مقیم پاکستانی شہریوں نے اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر احمد فاروق نے کہا کہ معرکۂ حق کے موقع پر پاکستانی قوم نے اتحاد اور طاقت کی ایک لازوال مثال قائم کی۔ ان کے مطابق بیرونی جارحیت کے سامنے پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی نظر آئی۔

انہوں نے کہا کہ اس فتح کی بدولت آج سبز پاسپورٹ کی عزت دنیا بھر میں تسلیم کی جا رہی ہے اور پاکستانی شہری فخر کے ساتھ اپنا تعارف کرا رہے ہیں۔
ملٹری اتاشی کرنل وقاص نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی فوج جدید ٹیکنالوجی اور ہتھیاروں سے لیس ہے۔ ان کے مطابق فضائی مہارت سے لے کر سائبر وار تک، گزشتہ سال ان صلاحیتوں کا بھرپور اظہار ہوا۔

قونصلر ثاقب علی نے پاکستانی قوم اور نوجوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کی ٹیکنالوجی پاکستانی نوجوانوں کی سائبر مہارتوں کے سامنے بے بس دکھائی دی۔ ان کے مطابق وہ مناظر آج بھی یاد ہیں جب فوجی اہلکار اور شہری مل کر دشمن کے ڈرونز کو ناکارہ بنا رہے تھے۔

چیئرمین تاشقند اردو ذبیح اللہ بلگن نے کہا کہ معرکۂ حق نے ثابت کیا کہ پاکستان اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور اس نے بنیان مرصوص کا عملی مظاہرہ بھی دنیا کے سامنے پیش کیا۔

تقریب کے دوران بچوں نے ملی نغمے گائے اور شرکاء کے سامنے معرکہ حق پر مبنی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستانی قوم آئندہ بھی متحد ہو کر ملک کے دفاع، تحفظ اور سالمیت کو یقینی بناتی رہے گی۔
