موجودہ موسمی صورتحال کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، ملبے کے ریلوں اور اچانک سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے، محکمہ موسمیات پاکستان نے الرٹ جاری کر دیا

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے صوبہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گلیشیائی جھیل پھٹنے سے سیلاب آنے کے خطرے کے پیشِ نظر گلوف الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے اتوار کی شب جاری کیے گئے الرٹ کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک معتدل سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے، جو خیبر پختونخوا سے ہوتا ہوا گلگت بلتستان تک پھیل سکتا ہے۔

محکمے نے پیش گوئی کی ہے کہ اس دوران مختلف علاقوں میں بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ طوفان متوقع ہیں، جبکہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، ملبے کے ریلوں اور اچانک سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے، خاص طور پر سوات، لوئر چترال، دیر، اپر ہزارہ، کوہستان، ہوپر، گلکن، ششپر، غذر، ہنزہ، نگر، گانچھے، شگر اور استور کے علاقوں میں۔

محکمہ موسمیات نے گلیشیئرز کے قریب رہنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں، مقامی نالوں کے پانی کے رنگ میں اچانک تبدیلی یا غیر معمولی آوازوں پر نظر رکھیں اور مویشیوں اور ضروری سامان کو محفوظ اور بلند مقامات پر منتقل کریں۔

محکمے نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 24 گھنٹے تیار رہیں اور دور دراز وادیوں میں موجود تکنیکی ماہرین سے مسلسل رابطہ برقرار رکھیں۔ ساتھ ہی عوام کو بروقت آگاہی دینے کے لیے موسمی انتباہات موبائل پیغامات اور سوشل میڈیا کے ذریعے پہنچانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے اور حساس علاقوں کے رہائشی محتاط رہیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، سوات، اپر کوہستان اور مانسہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

اتھارٹی نے متعلقہ حکام کو حساس گلوف مقامات کی مسلسل نگرانی، بروقت وارننگ اور فوری ردعمل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کو خطرے سے دوچار علاقوں میں انخلا کی مشقیں کرانے، محفوظ مقامات کو مکمل طور پر تیار رکھنے اور ضروری سامان کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی کہا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے مقامی آبادی اور سیاحوں کو ندی نالوں، آبی گزرگاہوں اور دریاؤں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ادارے نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

اتھارٹی نے کہا کہ اگر پانی کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی، لینڈ سلائیڈنگ یا پتھر گرنے کی آوازیں سنائی دیں تو فوراً محفوظ مقام پر چلے جائیں۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ممکنہ بندش کی صورت میں سڑکوں کی فوری بحالی کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ رکھا جائے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خطرہ بڑھنے کی صورت میں متعلقہ اداروں کے تعاون سے حساس گلوف مقامات پر کنٹرولڈ بریچنگ بھی کی جا سکتی ہے تاکہ اچانک سیلابی صورتحال سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں