پاکستان میں تعینات ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے اسلام آباد میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے چیئرمین سہیل اشرف سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان شہری سطح پر تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسلام آباد میں ‘بابر پارک’ منصوبے پر عملدرآمد، شہری خوبصورتی اور ترقی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد اور فرغانہ کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنے سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔
ازبک سفیر نے اس موقع پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بابر پارک کے قیام پر باضابطہ کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ ازبکستان اور پاکستان کے عوام کے درمیان دوستی، بھائی چارے اور مشترکہ تاریخی و ثقافتی روابط کی ایک اہم علامت ثابت ہوگا۔

علی شیر تختیوف کا کہنا تھا کہ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مسلسل فروغ پا رہا ہے اور امید ہے کہ دونوں برادر ممالک کے عوام کے مفاد میں یہ شراکت داری مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔