ازبکسان کے صدر شوکت مرزائیوف نے جنگ عظیم دوم میں فتح کی 81 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ماسکو میں ہونے والی تقریبات کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو فتح کی 81 ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر ازبکستان اور روس کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری اور اتحادی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس کے تحت اعلیٰ سطح کے سابقہ معاہدوں پر عمل درآمد جاری ہے۔
ملاقات میں باہمی تجارتی حجم میں مسلسل اضافے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
حکام نے یاد دلایا کہ صنعت، توانائی اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ منصوبے کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
اس دوران تجارتی تبادلوں کی رفتار کو برقرار رکھنے اور ترجیحی شعبوں میں اشتراک کے منصوبوں کو تیز کرنے کے لیے مربوط اقدامات کی اہمیت پر زور دیا گیا جبکہ علاقائی سطح پر فعال روابط جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا گیا۔
ملاقات میں فعال ثقافتی اور انسانی تبادلوں کو مزید فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
اس موقع پر دونوں صدور نے بین الاقوامی اہمیت کے مختلف مسائل پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔
اس سے قبل ازبک صدر شوکت مرزائیوف ماسکو پہنچے جہاں بین الاقوامی ہوائی اڈے “ونوکووو” پر روسی فیڈریشن کے نائب وزیر خارجہ میخائل گالوزین اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔