لبنان میں جاری اسرائیلی حملوں کے باعث ملک کی نصف سے زیادہ آبادی انسانی امداد پر انحصار کرنے پر مجبور ہو گئی ہے۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق لبنان کی تقریباً 58 لاکھ آبادی میں سے 30 لاکھ سے زائد افراد کو زندہ رہنے کے لیے امداد درکار ہے۔
یورپی اتحاد کی بحران سے نمٹنے کی کمشنر ہاجا لحبیب نے بیروت میں لبنانی صدر جوزف عون سے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ دو مارچ سے شروع ہونے والی جنگ کے بعد یورپی اتحاد اب تک 10 کروڑ یورو کی امداد فراہم کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی امداد لے جانے والے چھ طیارے لبنان بھیجے جا چکے ہیں جبکہ ساتواں طیارہ ہفتے کے روز پہنچنے کی توقع ہے۔
لبنانی حکام کے مطابق مارچ کے آغاز سے اسرائیلی حملوں میں 2700 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 10 لاکھ سے زیادہ بے گھر ہو چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق 17 اپریل کو امریکہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری ہیں اور جنوبی لبنان کے کئی علاقوں میں اسرائیلی فوج کی موجودگی برقرار ہے، جہاں متعدد دیہات مکمل طور پر تباہ کیے جا چکے ہیں۔